اسلام آباد(ایس اعوان)برطانیہ کے سکیورٹی وزیر ڈین جاروس نے پاکستان کا پہلا دورہ مکمل کرلیا، دورے کے دوران پاکستان اور برطانیہ نے انسداد دہشت گردی، سنگین منظم جرائم، غیر قانونی ہجرت اور ویزا فراڈ کی روک تھام کے لیے سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے مطابق برطانوی سکیورٹی وزیر ڈین جاروس نے دورہ پاکستان کے دوران سیاسی، عسکری اور سکیورٹی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اس سلسلے میں ان کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی سکیورٹی وزیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی استحکام اور سکیورٹی چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور برطانیہ نے معلومات کے تبادلے، مشترکہ آپریشنل اقدامات اور سکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک مجرمانہ اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں اور متعلقہ اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔
اس موقع پر برطانوی سکیورٹی وزیر ڈین جاروس کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، منظم جرائم، غیر قانونی ہجرت اور ویزا فراڈ سرحدوں تک محدود نہیں، پاکستان اور برطانیہ مشترکہ خطرات کا مل کر زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکتے ہیں۔
ڈین جاروس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون برطانوی عوام کے تحفظ میں مددگار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجرمانہ نیٹ ورکس کو توڑنے، اہم معلومات کے تبادلے اور برطانیہ کے تحفظ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کام جاری ہے۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں