اسلام اباد(ایس اعوان)پی ٹی اے کا جڑواں شہروں میں موبائل سروسز کا معیار بہتر بنانے کے لیے بڑا اقدام، چیئرمین پی ٹی اے خود فیلڈ میں پہنچ گئے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں فور جی کوریج، کالز اور انٹرنیٹ سروسز کا عملی جائزہ لیا گیا،جاز کی سروس سب سے بہتر ، یوفون اور زونگ کی سروس میں تعطل نظر آیا 

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جڑواں شہروں میں موبائل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی جائزہ مہم چلائی گئی، جس کی قیادت چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمٰن نے کی۔چیئرمین پی ٹی اے اتھارٹی ممبران، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ خود مختلف علاقوں میں پہنچے اور موبائل کالز، فور جی کوریج اور انٹرنیٹ کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر موبائل کمپنیوں جاز، زونگ اور یوفون کے نمائندے بھی موجود تھےموبائل سروسز کی جانچ کے لیے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ پہلی ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ، سرینگر ہائی وے اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا، دوسری ٹیم نے اسلام آباد ایکسپریس وے سے روات ٹی چوک تک سروسز کا جائزہ لیا، جبکہ تیسری ٹیم نے مری روڈ، راول روڈ اور اولڈ ایئرپورٹ کے علاقوں میں موبائل نیٹ ورکس کی کارکردگی چیک کی۔جائزے کے دوران موبائل کالز کے معیار، کال ملانے کی صلاحیت، رابطہ برقرار رہنے اور انٹرنیٹ ڈیٹا کی رفتار کو عملی طور پر جانچا گیا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق بیشتر علاقوں میں موبائل کال اور ڈیٹا سروسز کا معیار بہتر رہا، تاہم بعض مقامات پر سروسز میں خامیوں کی نشاندہی بھی ہوئی،چیئرمین پی ٹی اے نے موقع پر ہی موبائل کمپنیوں کے نمائندوں کو سروس کے معیار میں بہتری لانے اور صارفین کو معیاری کالنگ اور انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد موبائل صارفین کو بہتر اور قابلِ اعتماد ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔فیلڈ سروے کے دوران جاز کی سروس سب سے بہتر پائی گئی اس کے مقابلے میں یوفون اور زونگ کی سروس میں متعدد جگہوں پر تعطل ملا جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے ہدایات جاری کرتے ہوئے نوٹ لئے۔