اسلام آباد: پیٹرولیم کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال برداری کے نرخوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ چار دنوں میں ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 اگست سے 7 ستمبر کے درمیان پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پہلے ہی 23 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو چکا ہے۔ ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے حکومتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر پیٹرولیم نے 8 سے 17 اگست تک ملک گیر ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر نظر ثانی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے دی گئی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے اپنی ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے ملتوی کر دی تھی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز ایک بار پھر ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مسائل کے حل کے لیے 40 دن کی مہلت مانگی تھی اور یہ ڈیڈ لائن اگلے ہفتے ختم ہونے والی ہے۔