اسلام آباد(ایس اعوان) میٹا نے پاکستان میں بچوں اور نوجوانوں کے محفوظ سوشل میڈیا استعمال کے لیے حفاظتی اقدامات کی تفصیلات جاری کر دیں۔ میٹا حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندیوں کے بجائے مؤثر ضابطہ سازی کی حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
میٹا حکام کے مطابق پاکستان میں فیس بک، انسٹاگرام، میسنجر اور تھریڈز پر 18 سال سے کم عمر تمام صارفین کو خودکار طور پر ٹین اکاؤنٹس میں شامل کیا گیا ہے۔ ان اکاؤنٹس کی پرائیویسی ڈیفالٹ طور پر فعال ہے، جبکہ اجنبی افراد کو نوجوان صارفین سے رابطہ کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔
میٹا کے مطابق نوجوانوں کو دکھایا جانے والا مواد عالمی 13 پلس ریٹنگ کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے تاکہ انہیں عمر کے لحاظ سے مناسب اور محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔ والدین کو اپنے بچوں کے اکاؤنٹس محفوظ بنانے کے لیے کسی اضافی اقدام کی ضرورت نہیں، تاہم انہیں بعض حفاظتی سیٹنگز میں نرمی کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
میٹا حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر پابندیوں کو مسترد کرنے کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ بچوں اور نوجوانوں کے لیے عمر کے مطابق ڈیجیٹل تجربات یقینی بنانے کے لیے مناسب ضابطہ سازی ضروری ہے، جسے پوری سوشل میڈیا انڈسٹری کے لیے ایک معیار بنایا جا سکتا ہے۔
میٹا حکام کے مطابق اب بنیادی چیلنج والدین میں آن لائن تحفظ سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور انہیں بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کے حوالے سے مناسب رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ میٹا پاکستان میں بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں