اسلام آباد(ایس اعوان)وفاقی دارالحکومت کے ایچ نائن بازار میں گزشتہ نو برس کے دوران آتشزدگی کے آٹھ بڑے واقعات پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے، جن کے نتیجے میں ہزاروں دکانوں اور اسٹالز کو نقصان پہنچا جبکہ تاجروں کو مجموعی طور پر کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ایچ نائن بازار میں آتشزدگی کے واقعات کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کر دی گئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق 23 اگست 2017 کو ایچ نائن بازار میں آتشزدگی کے نتیجے میں 611 اسٹالز متاثر ہوئے جبکہ نقصان کا تخمینہ 22 کروڑ روپے لگایا گیا۔ 18 جولائی 2018 کو آتشزدگی سے 100 اسٹالز کو نقصان پہنچا اور تین کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا۔ اسی سال اکتوبر میں آگ لگنے کے ایک اور واقعے میں 26 اسٹالز متاثر ہوئے جبکہ 40 لاکھ روپے کا نقصان ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 2019 میں آتشزدگی کے واقعے میں 302 اسٹالز کو نقصان پہنچا اور 15 لاکھ روپے کا مالی نقصان ہوا۔ اپریل 2022 میں آگ لگنے سے 22 اسٹالز متاثر ہوئے اور 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جبکہ دسمبر 2022 کے واقعے میں 133 اسٹالز جل کر متاثر ہوئے اور مالی نقصان کا تخمینہ 70 لاکھ روپے لگایا گیا۔
دستاویزات کے مطابق 10 جولائی 2024 کو ایچ نائن بازار میں آتشزدگی کا بڑا واقعہ پیش آیا جس میں 625 اسٹالز متاثر ہوئے اور 28 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ بعد ازاں 23 جون 2026 کو آتشزدگی کے ایک اور واقعے میں 380 اسٹالز کو نقصان پہنچا جبکہ مالی نقصان کا تخمینہ پانچ سے چھ کروڑ روپے لگایا گیا۔
دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں کو تاحال کسی قسم کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ متاثرہ تاجروں نے اپنے خرچ پر تباہ شدہ اسٹالز کی تعمیر نو کی درخواست کی تھی۔ 2024 میں پیش آنے والے بڑے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی نگرانی میں مکمل کی گئیں۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم آفس نے اسلام آباد کے تمام تجارتی بازاروں کے لیے جامع فائر سیفٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ تمام تجارتی مراکز میں ہر ماہ کے پہلے ہفتے فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا گیا ہے، جس کے دوران ہنگامی راستوں، بجلی کی تنصیبات کی حفاظت اور آگ بجھانے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت نے فائر فائٹنگ عملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے جبکہ فائر سیفٹی اقدامات پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹس وزارت داخلہ کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں